Forums › Forums › General Discussions › Eid
-
Posted by Ejaj Khan on April 12, 2024 at 3:29 am
Eid manane ki survat kab kyu aur kaise hui
Dr. Irfan Shahzad replied 1 year ago 2 Members · 1 Reply -
1 Reply
-
Dr. Irfan Shahzad
Scholar April 15, 2024 at 12:19 amغامدی صاحب اپنی کتاب میزان میں لکھتے ہیں:
۱۶۔ عید الفطر۔ ۱۷ ۔ عید الاضحی۔
یہ دونوں تہوار نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ تعالیٰ کی ہدایت کے مطابق مسلمانوں کے لیے مقرر فرمائے ہیں۔ اسلام سے پہلے یوم السبع ،یوم السباسب اور اِس طرح کی بعض دوسری عیدوں کا ذکر مشرکین عرب کی روایات میں ملتا ہے۔ بنی اسرائیل کی شریعت میں بھی عید کے ایام تھے، لیکن تورات اور دوسرے صحیفوں سے معلوم ہوتا ہے کہ اُن کا تعلق زیادہ تر اُن کی تاریخ کے اہم واقعات سے تھا ۔اللہ تعالیٰ نے اپنی آخری شریعت بنی آدم کو دی تو عید کے یہ دو تہوار ٹھیرائے اور دونوں کو اسلام اور تقویٰ کے دو عظیم مظاہر سے متعلق کر دیا۔ عید الفطر ہر سال رمضان کے اختتام پر شوال کی پہلی تاریخ کو روزوں کی عبادت کے پایۂ تکمیل تک پہنچنے کے بعد اور عید الاضحی ۱۰؍ ذوالحجہ کے دن سیدنا ابراہیم علیہ السلام کی قربانی کی یادگار کے طور پر منائی جاتی ہے ۔ روایتوں سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ دونوں تہوار ہجرت کے بعد مدینہ میں مقرر کیے گئے ۔ سیدنا انس کا بیان ہے :
قدم رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم المدینۃ ولھم یومان یلعبون فیھما، فقال رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم: ’’ما ھذان الیومان‘‘؟ قالوا : کنا نلعب فیھما في الجاھلیۃ، قال: ’’إن اللّٰہ عزوجل قد أبدلکم بھما خیرًا منھما: یوم الفطر ویوم النحر‘‘.( احمد، رقم ۱۳۲۱۰)
’’نبی صلی اللہ علیہ وسلم مدینہ تشریف لائے تو وہاں لوگوں نے دو دن مقرر کر رکھے تھے جن میں وہ کھیل کود سے دل بہلاتے تھے۔ آپ نے پوچھا : یہ کیا دن ہیں؟ لوگوں نے بتایا کہ جاہلیت میں یہ ہمارے کھیل تماشے کے دن رہے ہیں۔ حضور نے اِس پر فرمایا : اللہ تعالیٰ نے اِن کی جگہ تمھارے لیے اِن سے بہتر دو دن مقرر کر دیے ہیں: عید الفطراور عیدالاضحی۔‘‘
Sponsor Ask Ghamidi