Following is the excerpt from the relevant narration which has been covered in Hadith Project:
ابو بکرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ بیان کرتے ہیں کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: دجال کا رعب (بھی) مدینہ میں داخل نہیں ہوگا۔۱ اُس زمانے میں مدینہ کے سات دروازے۲ ہوں گے، جن میں سے ہر دروازے پر دو فرشتے پہرہ دے رہے ہوں گے۔
اِنھی ابو بکرہ رضی اللہ عنہ سے بعض طرق میں روایت ہوا ہے، وہ کہتے ہیں:اِس سے پہلے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کچھ فرمائیں، لوگوں نے مسیلمہ کے بارے میں بہت باتیں کیں۔ چنانچہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم خطبے کے لیے کھڑے ہوئے تو ابتدائی کلمات کے بعد فرمایا: اِس دجال کے بارے میں تم لوگوں نے بہت باتیں کرلی ہیں۔ بلاشبہ، یہ اُنھی تیس بڑے جھوٹوں میں سے ایک ہے جو مسیح دجال سے پہلے پہلے ظاہر ہوں گے۔۳اِس جھوٹے مسیح کا رعب مدینہ کے سوا ہر شہر میں پہنچے گا۔ مدینہ میں داخل ہونے والے راستوں میں سے ہر راستے پر دو فرشتے مقرر ہیں، جو مدینہ سے اِس جھوٹے مسیح کے رعب کو باہر دھکیل رہے ہوں گے ۔
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
۱۔ مطلب یہ ہے کہ اُس کی فتوحات سے مرعوبیت کی جو کیفیت لوگوں کے دلوں میں پیدا ہو جائے گی، اور وہ پے در پے شکست کھاتے چلے جائیں گے، اللہ تعالیٰ مدینہ کے لوگوں کو اُس سے محفوظ رکھے گا۔
۲۔ یعنی سات راستے، جہاں سے لوگ شہر میں داخل ہو سکتے ہوں۔
۳۔ اِس طرح کے بعض جھوٹوں کا ذکر تاریخ میں موجود ہے، لیکن نہیں کہہ سکتے کہ اِن میں سے کتنے آچکے اور کتنے ابھی آنا باقی ہیں۔
__
Original Link: علامات قیامت (۴)-Hadith Number 23